بنگلورو،27؍دسمبر(ایس اونیوز) اے آئی سی سی جنرل سکریٹری بی کے ہری پرساد نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے کہ انہوں نے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج برائے کرناٹک کے سی وینو گوپال کو ہٹایا جائے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی کابینہ کی توسیع کے مرحلے میں سینئر قائدین کو نظر انداز کئے جانے اور توسیع کو صرف ایک علاقے تک محدود رکھنے کے متعلق پارٹی میں شکایات کے بعد وینوگوپال کو ریاست کی ذمہ داری سے ہٹانے کا کوئی مطالبہ انہوں نے کیا ہے اور نہ ہی وہ ایسی کسی حماقت کے بارے میں سوچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وینوگوپال ریاست کے سبھی قائدین کو اعتماد میں لے کر کام کررہے ہیں۔ انہیں ہٹائے جانے یا کسی اور کو ذمہ داری دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں جو توسیع ہونی تھی ہوچکی ہے، اس میں اگر کوئی کوتاہی ہوئی ہے تو آنے والے دنوں میں اسے درست کرنے کی گنجائش بھی موجود ہے۔ ان تمام فروعی معاملوں کو لے کر وہ اپنا ذہن خراب کرنا نہیں چاہتے۔